ٹاپ آرڈر کی ناکامی، چیمپئنز ٹرافی کیلیے تیاریوں پر سوالیہ نشان ثبت

ایبٹ آباد: ٹارگٹ میچ میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی قومی کرکٹ ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی کیلیے تیاریوں پر سوالیہ نشان ثبت کرگئی۔ محمد حفیظ10،اسد شفیق6،عمران فرحت5اور مصباح الحق 4تک محدود رہے، شعیب ملک نے بھرپور فارم کا جلوہ دکھاتے ہوئے بیٹنگ لائن کی لاج رکھ لی،آل راؤنڈر نے وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے92 رنز کی اننگز سجائی،کامران اکمل نے سابق کپتان کے ساتھ 90کی شراکت میں41رنز کا حصہ ڈالا،ناصر جمشید نے 31رنز بنائے، جنید خان نے اسپیڈ اور سوئنگ کے ہتھیار بھرپور انداز میں استعمال کرتے ہوئے 4شکار کیے، وہاب ریاض نے2 اور اسد علی نے ایک وکٹ حاصل کی، محمد عرفان اور سعید اجمل کوئی کامیابی نہ حاصل کرپائے،50اوورز کا مقابلہ ختم ہونے سے قبل ہی کئی بیٹسمین دوبارہ پریکٹس میں مصروف ہوگئے، محمد حفیظ کا نیٹ میں کچھ وقت گذارنے کے بعد جاوید میانداد کے ساتھ طویل سیشن ہوا۔ مصباح الحق کوچ ڈیو واٹمور کی موجودگی میں بولرز کے چھکے چھڑاتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کے ایبٹ آباد میں جاری کیمپ کے پہلے4روز ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے خوف نے مینجمنٹ کو بولرز کی بیٹنگ تکنیک بہتر بنانے پر توجہ دینے پر مجبور کیا، منگل کو 50اوورز کے ٹارگٹ میچ میں بیٹسمینوں کو 250رنز کا ہدف دیا گیا جس کے تعاقب میں اوپنرز ناکام رہے، بعد ازاں ٹاپ فائیو میں سے کوئی بھی قابل ذکر فارم کا مظاہرہ نہ کرسکا،عمران فرحت5رنز بنا کردوسرے ہی اوور میں جنید خان کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے،تھوڑے وقفے بعد محمد حفیظ (10) کی اننگز کا اختتام بھی پیسر کی ڈلیوری پر ہوا، 6 رنز بنانے والے اسد شفیق کو وہاب ریاض نے دھر لیا۔

تبصرے بند ہیں.