وہ عام عادت جو جلد موت کا باعث بن جائے

موجودہ عہد میں بیشتر افراد دن بھر میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں۔مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ دن بھر میں صرف 6 سے 8 گھنٹے بیٹھ کر گزارنا جسم پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے؟اگر آپ میں یہ عادت موجود ہے تو جان لیں کہ اس کے نتیجے میں جلد موت اور امراض قلب کا خطرہ 12 سے 13 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔یہ بات ایک نئی بین الاقوامی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔سائمن فریزر یونیورسٹی اور چائنیز اکیڈمی آف میڈیکل سائنسز کی مشترکہ تحقیق میں 21 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ سے زیادہ افراد کا جائزہ لیا گیا تھا۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اگر ایک فرد دن بھر میں 8 گھنٹے سے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتا ہے تو جلد موت اور امراض قلب کا خطرہ 20 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔جرنل جاما کارڈیالوجی میں شائع تحقیق میں شامل افراد کا جائزہ 11 سال تک لیا گیا تھا تاکہ بیٹھنے کے وقت اور صحت پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا جاسکے۔تحقیق میں کہا گیا کہ جو لوگ جسمانی طور پر بہت کم سرگرم ہوتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں ان میں جلد موت اور امراض قلب کا خطرہ 50 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔اس کے مقابلے میں ایسے افراد جو زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں مگر چند گھنٹے جسمانی طور پر سرگرم رہتے ہیں، ان میں یہ خطرہ گھٹ کر 17 فیصد ہوجاتا ہے۔محققین نے کہا کہ بیٹھنے کا وقت جتنا کم ہو، بہتر ہے، اگر آپ کو کئی گھنٹے بیٹھ کر گزارنے ہیں تو دن کے دیگر اوقات میں ورزش کو معمول بناکر جلد موت کے خطرے کو کم کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ دن میں 4 گھنٹے سے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں، وہ بیٹھنے کے وقت میں سے 30 منٹ ورزش کے لیے نکال کر جان لیوا امراض کا خطرہ 2 فیصد تک کم کرسکتے ہیں۔تحقیق میں کہا گیا کہ لوگوں کو اپنے طرز زندگی اور صحت کو سنجیدہ لینا چاہیے، کیونکہ اس وقت دنیا بھر میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد میں درمیانی عمر میں شرح اموات 8.8 فیصد ہے، جو تمباکو نوشی (10.6 فیصد) کے قریب ہے۔محققین کے مطابق یہ ایک عالمی مسئلہ ہے جس کا حل بہت سادہ ہے، بس اپنی کرسی سے اٹھنے کی ہمت کرلیں۔

تبصرے بند ہیں.