ون ڈے رینکنگ؛ پاکستان کے قدم چھٹے نمبر پرڈٹے رہے

دبئی : 

سال کی اختتامی ون ڈے رینکنگ میں بھی دنیا بھر کے بولرز پر حسن علی کا راج برقرار رہا بیٹسمینوں میں بابراعظم چوتھے اور آل راؤنڈرز میں محمد حفیظ ٹاپ پر رہے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے رواں برس کی آخری ون ڈے رینکنگ جاری کردی، بولنگ چارٹ پر پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی بدستور اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ گذشتہ برس کا اختتام بولنگ میں ٹاپ پوزیشن پر کرنے والے ٹرینٹ بولٹ کو ویسٹ انڈین ٹیم پر تباہی ڈھانے کا صلہ تین درجے ترقی کی صورت میں ملا جس کی بدولت وہ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔ انھوں نے اس سیریز میں 10 وکٹیں لیں، جس میں کرائسٹ چرچ میں 34 رنز کے عوض کیریئر بیسٹ 7 شکار بھی شامل تھے،ان کے ساتھی مچل سینٹنر چار درجے بہتری پاکر 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ویسٹ انڈین کپتان ہولڈر کو 6 درجے بہتری نے بولرز میں 21 ویں نمبر پر پہنچایا۔ سری لنکا سے ہوم ون ڈے سیریز نہ کھیلنے کے باوجود بھارتی کپتان ویرات کوہلی بیٹنگ میں بدستور ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں، پاکستان کے بابر اعظم کا چوتھا نمبر ہے۔ نیوزی لینڈ کے جارج ورکر 89 درجے بہتری سے 135 ویں نمبرپر پہنچے۔

تبصرے بند ہیں.