وفاقی کابینہ نے کاشغر تا گوادر راہداری کی تعمیر کے معاہدے کی توثیق کردی

اسلام آ باد: وفاقی کابینہ نے کاشغر سے گوادر تجارتی راہداری کے قیام کے سلسلے میں چین کے ساتھ ہونے والے معاہدے اور قطر سے این ایل جی کی خریداری کے سمجھوتے کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم نوازشریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا گیا، جن میں وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران طے پانے والے معاہدوں کی توثیق، قطر سے این ایل جی کی خریداری کا معاہدہ، افغان مہاجرین کی واپسی کے لئے لائحہ عمل کی تیاری اور سرکاری ملازمتوں میں صوبوں کے کوٹے سے متعلق امور شامل تھے۔ اجلاس کے دوران وزارت داخلہ کی جانب سے افغان مہاجرین کی واپسی کے لئے پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ، جس کے بعد کابینہ نے چاروں صوبوں پر مشتعمل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ ایک سال کے دوران افغان مہاجرین کی واپسی کے لئے جامع پلان بھی بنایا جائے گا، اس کے علاوہ کابینہ نے وفاقی ملازمتوں میں صوبوں کے کوٹے میں اضافے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ دورہ چین کے دوران ہونے والے معاہدوں کی منظوری دی، جن میں پاک چین مشترکہ سرمایہ کاری بڑھانے کےلئے چین کے ایگزم بینک سے معاہدے،نیشنل ریفارمز کمیشن اور پاک چین مشترکہ ترقیاتی منصوبے شامل ہیں، اس کے علاوہ کابینہ نے قطر سے ایل این جی کی درآمد کی اصولی منظوری دے دی ، اس کے علاوہ ایل این جی کی درامد کے لئے کراچی میں تین ٹرمینل قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.