وفاقی حکومت کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے طویل عرصے بعد 67 واں یوم آزادی بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جشن آزادی کی تقریبات دو ہفتے جاری رہیں گی۔ وزیر اعظم نواز شریف ڈی چوک میں مرکزی تقریب سے خطاب کریں گے۔

اسلام آباد : ) وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اس برس جشن آزادی کو بھرپور طریقے سے منائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نشریات سینیٹر پرویز رشید ان تمام امور کے نگران ہوں گے۔ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ڈی چوک میں ہو گی ۔ وزیراعظم نوازشریف پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر قوم سے خطاب کریں گے جس میں وہ آپریشن ضرب عضب میں جانوں کی قربانیاں دینے والے مسلح افواج کے شہداء اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کریں گے۔ تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ایئر چیف طاہر رفیق بٹ اور نیول چیف آصف سندیلہ کے علاوہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری، وفاقی وزراء، غیر ملکی سفیر اور ملک بھر سے ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔ اس موقع پر فوجی بینڈ ملی نغموں کی دھنیں بجائے گا۔ ملک گیر تقریبات میں ملی نغمے اور ثقافتی پروگرام پیش گئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق دو ہفتے جاری رہنے والی یہ تقریبات چاروں صوبوں اور آزادکشمیر میں بھی ہوں گی۔ 14 اگست کو جشن آزادی کی بھرپور تقریبات کی وجہ سے کسی قسم کی سیاسی سرگرمی اور احتجاجی دھرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ –

تبصرے بند ہیں.