وفاقی حکومت نے نجی پاور کمپنیوں کو 232 ارب روپے کے سرکلر ڈیٹ کی ادائیگی کردی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے نجی پاور کمپنیوں کو سرکلر ڈیٹ کی مد میں 232 ارب روپے ادا کردیئے ہیں جس کے بعد سرکلر ڈیٹ 506 ارب سے کم ہو کر 274 ارب روپے رہ گیا ہے۔ سرکلر ڈیٹ کی مد میں ادا کی گئی رقم میں 100 ارب روپے ایسی نجی پاور کمپنیوں کو ادا کئے گئے ہیں جو 1994 کی پالیسی کے تحت لگائی گئی تھیں جبکہ 61 ارب روپے ان نجی پاور کمپنیوں کو ادا کئے گئے ہیں جو 2002 کی پالیسی کے مطابق قائم کی گئی تھیں، 71 ارب روپے جامشورو پاور کمپنی، سینٹرل پاور کمپنی، ناردرن پاور جنریشن کمپنی اور لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی کو ادا کئے گئے۔ دوسری جانب وزارت خزانہ کی جانب سے نجی پاور کمپنیوں کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر بھی بات چیت جاری ہے جس پر دستخط ہونے کی صورت میں بجلی کی پیداوار میں فوری طور پر 1700 میگاواٹ تک اضافہ ہو جائے گا۔ ڈیزل اور گیس پر چلنے والے نجی پاور پلانٹس کو کوئلے پر منتقل کرنے کی تجویز بھی اسی یادداشت کا حصہ ہے اور اس مقصد کے لیے حبکو، پاک جن، لال پیر اور صبا پلانٹس نامی چار آئی پی پیز سے مذاکرات بھی کئے جا رہے ہیں۔ ان چاروں نجی پاور کمپنیوں کی بجلی پیدا کرنے کی کل استعداد 1800 میگا واٹ ہے اور پاور پلانٹس کو کوئلے پر منتقل کرنے سے وفاقی حکومت کے درآمدی بل میں سالانہ اربوں روپے کی کمی واقع ہوسکتی ہے

تبصرے بند ہیں.