وزیراعلیٰ پنجاب زیادتی کا شکار بچی کے گھر پہنچ گئے، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او معطل

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف زیادتی کا شکار ہونے والی بچی کے گھر پہنچ گئے۔ وزیر اعلی آئی جی پنجاب ڈی پی او اور آر پی او پر برس پڑے۔ ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

ساہیوال: ( وزیر اعلی شہباز شریف زیادتی کا شکار ہونے بچی کی داد رسی کے لئے ساہیوال پہنچے اور متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی کیا۔ وزیر اعلی نے موقع پر ہی کھلی کچہری لگا کر پولیس کی بے حسی روایتی اور ناقص تفتیش پر آئی جی ، ڈی پی او اور آر پی او کی سرزنش کی۔ اس موقع پر تمام پولیس افسر ہاتھ باندھے مختلف تاویلات پیش کرتے رہے۔ وزیر اعلی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا پولیس اس نوکری کے لائق نہیں ڈیڑھ ماہ گزر گیا کیا پولیس افیون کھا کر سوئی ہوئی ہے۔ پولیس کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلی نے کہا تین دن کے اندر اندر چالان مکمل کر کے دہشت گردی کی عدالت بھجوایا جائے۔ شہباز شریف نے کہا ملزم اڑتالیس گھنٹے میں نہ پکڑے گئے تو آئی جی اور آر پی او کو بھی معطل کردوں گا۔ واضح رہے ساہیوال کے نواحی گاؤں چک نمبر آر فائیو اکیاسی میں ڈیڑھ ماہ قبل چھ اوباش نوجوانوں صفدر علی ، کامران ، پرویز، عبدالرحمان وغیرہ نے شراب کے نشے میں دھت ہو کر سولہ سالہ صائمہ بی بی کو گھر سے اٹھا کر زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ کیس میں تین نامزد ملزم گرفتار جبکہ تین مفرور ہیں۔

تبصرے بند ہیں.