پاکستان کے تین روزہ دورے پر پہنچنے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں ون آن ون ملاقات ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی امور زیر غور آئے۔وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان نیک خواہشات کا تبادلہ بھی ہوا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے بعد آپ دورہ پاکستان کرنے والے پہلے سربراہ مملکت ہیں، مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم آپ کے اس دورے کا خیر مقدم کرتی ہے۔ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے گفتگو بھی کی۔قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس آمد پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے وفاقی کابینہ کے اراکین کا تعارف کروایا جس کے بعد ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں ارتھ ڈے کی مناسب سے پودا بھی لگایا اور دعا کی۔
تبصرے بند ہیں.