وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات، دہشتگردی میں ”را” کے ملوث ہونے کی رپورٹس پر غور

پاکستان میں دہشتگردی کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد حاصل کر لئے گئے۔ ان شواہد کی بنیاد پر حکومت پاکستان نے بھارت کے ناپاک عزئم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد: ) پاکستان نے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را” کے خلاف فیصلہ کن جنگ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پاکستان میں ”را” کے نیٹ ورک کا قلع قمع کرنے کے ساتھ عالمی سطح پر پاکستان میں ”را” کی دہشتگرد کارروائیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آج وزیراعظم محمد نواز شریف سے اہم ملاقات کی ہے جس میں تربت اور سانحہ صفورا چورنگی سمیت دہشتگردی کی کارروائیوں میں ”را” کے ملوث ہونے کے حوالے سے تبادلہ خیالات کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں کو ملک میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را” کی جانب دہشتگردی کی کارروائیوں کے نہ قابل تردید شواہد حاصل ہوئے ہیں جن کی بنیاد پر بھارتی عزائم کو سفارتی سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ اس حوالے سے شواہد کو حتمی شکل دیدی ہے جو دیگر ممالک اور اہم عالمی اداروں کو دیے جائیں گے۔ افغانستان میں بھارت کی جانب سے جاری پاکستان مخالف سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اہم شواہد اکھٹے کئے گئے ہیں جن کے مطابق افغانستان میں بھارتی قونصلیٹ پاکستان میں دہشتگردی کی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کا مرکز ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت اس بات پر متفق ہو چکی ہے کہ بلوچستان اور کراچی سے ”را” کے نیٹ ورک کو ہر صورت ختم کیا جائے گا اور ان معاونین کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ملک کی اعلیٰ قیادت نے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ اقتصادی راہداری کے خلاف دشمن ممالک کے پروپیگنڈے کا ہر ممکن توڑ کیا جائے گا۔ –

تبصرے بند ہیں.