ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کی رسائی مزید سہل ہوگئی

دبئی: 

سری لنکا کی ناکامیوں نے پاکستان کی ورلڈکپ میں براہ راست رسائی کا سفر مزید آسان کردیا۔

رواں سال 30 ستمبرکے حتمی تاریخ تک آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ 8 ٹیمیں ورلڈ کپ 2019 میں براہ راست جگہ بنائیں گی، دیگر 2کا انتخاب کوالیفائنگ راؤنڈ کے ذریعے ہوگا، زمبابو ے کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل پاکستان 95پوائنٹس کیساتھ چھٹے، بنگلہ دیش(94) اور سری لنکا (93)  آٹھویں نمبر پر تھا۔

آئی لینڈرز کو  زمبابوے نے 3-2سے مات دی، ہوم گراؤنڈ پر کم رینکنگ کی حامل ٹیم سے شکستوں کی وجہ سے میزبان ٹیم کو 5 پوائنٹس کا خسارہ ہوا، اس کے باوجود اس کی آٹھویں پوزیش تو برقرار رہی لیکن پاکستان اور بنگلہ دیش کوٹکر دینے کا موقع  بھی ہاتھ سے نکل گیا، دوسری جانب بھارت کے ہاتھوں 1-3سے شکست کے باوجود نویں نمبر پرموجود ویسٹ انڈین ٹیم ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی،کیریبیئنز کے پوائنٹس اب 78اور سری لنکا سے خسارہ 10کا رہ گیا ہے۔

آئی لینڈرز کی اگلی سیریز اگست میں بھارت کیخلاف ہوگی جس میں کم ازکم 2میچ جیتنے پر ورلڈکپ کیلیے براہ راست کوالیفائی کرنے کا راستہ بن جائے گا لیکن اگر سری لنکا ایسا کرنے میں ناکام رہا توویسٹ انڈیز کو بھی امید کی کرن نظر آنے لگے گی، اگر بھارت نے آئی لینڈرز کو 1-4 سے شکست دی تو کیریبیئنزکو براہ راست کوالیفائی کرنے کیلیے انگلینڈ کو 0-5 سے ہرانا ہوگا، اگر بلو شرٹس نے 0-5 سے کلین سوئپ کردیا توویسٹ انڈیز کو 0-4 سے فتح درکار ہوگی۔

نئی عالمی ون ڈے رینکنگ میں جنوبی افریقہ(119) سرفہرست، ٹاپ 12 میں شامل دیگر ٹیموںمیں بالترتیب آسٹریلیا (117)، بھارت (114)، انگلینڈ (113)، نیوزی لینڈ (111)، پاکستان (95)، بنگلہ دیش(94)،سری لنکا (88)، ویسٹ انڈیز(78)، افغانستان (54)، زمبابوے (52) اور آئرلینڈ(41) شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.