ورلڈکپ 2019 کیلیے ٹیم تیار کرنا چاہتے ہیں، ہارون رشید

کراچی:پاکستان کرکٹ بورڈ سلیکشن کمیٹی کے چیئر مین ہارون رشید نے دورہ بنگلہ دیش کے لئے قومی ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے ۔ ڈومیسٹک ایونٹ میں اچھی کار کردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا لیکن ورلڈ کپ میں ناقص پر فار منس کے باعث کچھ کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی آزادانہ فیصلےکر رہی ہے، ہمیں چیئرمین پی سی بی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ آئندہ چار سال کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی ٹیم کو تیار کر رہے ہیں تاکہ ورلڈ کپ 2019 تک مضبوط قومی ٹیم تیار کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کو آئندہ ورلڈ کپ کےلئے تیار کرنے کی ضرورت ہے ، ہرکھلاڑی کو تاکید کی ہے کہ کھلاڑی انفرادی کارکردگی کی بجائے ملک کےلئے کھیلیں ۔بنگلہ دیش کے دورے کی بھی بہت اہمیت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو نظم و نسق کے ساتھ پاکستان کےلئے کھیلنا ہوگا ،ہر کھلاڑی کو پوری ٹیم کے ساتھ مل کر پروفیشنل انداز میں کھیلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ بنگلہ دیش میں نئے کھلاڑیوں کے پاس اچھا موقع ہوگا تاکہ وہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکےاپنی صلاحیتوں کو منوا سکیں۔

تبصرے بند ہیں.