نیپال ، زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار سے زائد ہوگئی

چھ لاکھ گھر تباہ ، متاثرہ افراد کی تعداد اسی لاکھ سے زائد ، مون سون میں مشکلات مزید بڑھ جائیں گی :وزیر خزانہ

کھٹمنڈو : نیپال میں تباہ کن زلزلے کو 9 دن بیت گئے ، ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار تین سے زائد ہوگئی ، ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے ، ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مون سون شروع ہوتے ہی لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوجائے گا ۔ نیپال میں قیامت خیز زلزلے کے بعد تباہی کے مناظر ہر جگہ نظر آرہے ہیں ، کٹھمنڈو شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے ۔ زلزلہ زدہ علاقوں میں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے ، زلزلے سے تباہ حال نیپالی خیموں اور ٹوٹی پھوٹی عمارتوں میں پناہ لینے پرمجبور ہیں ، اقوام متحدہ کے مطابق زلزلے کے سبب 6 لاکھ گھر تباہ ہوئے ، جبکہ متاثرہ لوگوں کی تعداد 80 لاکھ ہے ۔ نیپال کے وزیر خزانہ رام شرن ماہت کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں جیسے جیسے دور دراز علاقوں تک پہنچ رہی ہیں ۔ ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے ۔ ادھر ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں مون سون کا موسم شروع ہونے کے باعث متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہوجائے گا ۔ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے کاخطرہ ہے اور امدادی کارروائیاں بھی متاثرہوں گی

تبصرے بند ہیں.