پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں رنگ روڈ پر حیات آباد انٹر چینج کے قریب آج پانچویں روز بھی نیٹو سپلائی کے خلاف دھرنا دیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت کا کہنا ہے کہ دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ڈرون حملے بند نہیں کئے جاتے۔ کارکن رنگ روڈ سے گزرنے والی گاڑیاں روک کر کاغذات کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں تاہم افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی گاڑیوں کو نہیں روکا جا رہا۔ کنٹینر روکنے سے رنگ روڈ پر عام گاڑیوں کی آمدورفت بھی متاثر ہو رہی ہے جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آج حیات آباد ٹول پلازہ پر احتجاجی کیمپ کے گرد خاردار تاریں لگا دی گئی ہیں جبکہ واک تھرو گیٹ اور پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق احتجاج کے پہلے روز نیٹو کنٹینر ڈرائیور پر اور توڑ پھوڑ میں ملوث نامزد ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے خیر آباد،چارسدہ، صوابی انٹر چینج اور خوشحال گڑھ میں بھی دھرنے دیے جا رہے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.