نیشنل گیمز: کسی بھی ایتھلیٹ کا ڈوپ ٹیسٹ لیا جا سکے گا

اسلام آ باد: پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ نیشنل گیمز کے دوران کسی کا بھی ڈوپ ٹیسٹ ہو سکتا ہے۔ اگر کوئی پلیئر خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اس کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) اکرم ساہی نے جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈوپنگ جیسے اہم معاملے کو کسی صورت نظر انداز نہیں کر سکتے، انھوں نے کہا کہ کھیل کی بہتری کیلیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، ٹیلنٹ ہنٹ کی جانب خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، باصلاحیت ایتھلیٹس کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلیے انھیں بیرون ملک ٹریننگ کا موقع دیا جائے گا۔ اکرم ساہی نے کہاکہ نیشنل گیمز کے ایتھلیٹکس ایونٹ میں22 مینز اور20ویمنز گولڈ میڈلزکیلیے مقابلے جاری ہیں۔ایونٹ کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے والے ایتھلیٹس کو مستقبل میں تربیتی کیمپ میں مدعو کرنے کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، انھوں نے کہاکہ انٹرنیشنل مقابلوں کیلیے ایتھلیٹکس ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا جاتا ہے، آئندہ بھی کارکردگی کو ہی معیار بنایا جائے گا،اکرم ساہی کے مطابق پاکستان میں ایتھلیٹکس کا مستقبل روشن اور ان کی ترقی کیلیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ جب انفرااسٹرکچر اچھا ہوا تو باصلاحیت ایتھلیٹس کو آگے آنے کا بھی موقع ملے گا، ٹیکنیکل آفیشلز اور کوچز کو بھی تربیت فراہم کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.