نیب ریفرنسز،آصف زرداری کو نیب کے جواب کا جائزہ لینے کیلئے 24 فروری تک مہلت

اسلام آباد()قومی احتساب بیورو نے پانچ ریفرنسز میں سابق صدر آصف علی زرداری کی بریت کی مخالفت کر دی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آصف زرداری کو نیب کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کا جائزہ لینے کے لیے چوبیس فروری تک مہلت دے دی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔دوران سماعت نیب کی جانب سے آصف علی زرداری کی بریت کی درخواست پر تفصیلی جواب داخل کرایا گیا۔ نیب کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے خلاف ٹھوس شہادتیں موجود ہیں، فرد جرم سے قبل ملزم کی بریت کی درخواست پر فیصلہ نہیں کیا جا سکتا، جس پر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ نیب کے تفصیلی جواب کا جائزہ لینے کے لیے وقت دیا جائے ۔ عدالت نے فاروق ایچ نائیک کی استدعا منظور کرتے ہوئے ریفرنسز پر سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی۔ آصف زرداری کے خلاف ایس جی ایس، کوٹیکنا، اے آر وائے گولڈ، پولو گراونڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔آصف زرداری کی جانب سے بریت کی درخواست انیس جنوری کو جمع کرائی گئی تھی۔

تبصرے بند ہیں.