نوازشریف کرپٹ ترین وزیراعظم ہیں ان سے بہتر تو آصف زرداری تھے، عمران خان

اوکاڑہ: چیر مین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف پاکستان کے کرپٹ ترین اور ٹیکس چور وزیراعظم ہیں ان سے بہتر تو آصف زرداری تھے۔

اوکاڑہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں انصاف کا نہیں بلکہ ظلم کا نظام ہے، کوئی بھی قوم تگڑی فوج اور پیسوں سے نہیں بلکہ انصاف کے لیے جدوجہد کرنے سے اوپر جاتی ہے ہم نے ابھی ایک عظیم قوم بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستانی قوم کو شعور دیا، آزاد قوم بنانے اور نوجوانوں کو حقوق کے لیے جگانے کی پوری کوشش کی جب کہ مجھے وزیراعظم بننے کا کوئی شوق نہیں کیوں کہ کسی بھی وزیراعظم سے زیادہ عزت مجھے ملی، میں یہاں صرف الیکشن کی تیاری کے لیے نہیں آیا بلکہ ملک کو عظیم بنانے کے لیے ایک تحریک چلارہا ہوں۔

عمران خان نے ملک کی معاشی حالت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا قوم کو 150 ارب روپے کی میٹرو کی ضرورت تھی یا اسپتالوں اور اسکولوں کی ضرورت تھی، ملک میں ڈھائی کروڑ بچے اسکول نہیں جاتے ، لاکھوں بچے اسپتال نہ ہونے کی وجہ سے مررہے ہیں مگر ہمارے وزیراعظم بھکاریوں کی طرح آئی ایم ایف قرضے مانگ رہے ہیں جس سے ہر پاکستانی کو ایک لاکھ سے زائد کا مقروض کردیا گیا ہے اوراس کی بھرپائی پاکستان کے ہر نوجوان کو کرنا ہوگی۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نوازشریف پاکستان کے کرپٹ ترین انسان اور ٹیکس چور وزیراعظم ہیں  ان سے بہتر تو آصف زرداری تھے،  ملک میں عوام بھوک سے مررہے ہیں اور نوازشریف قوم پر ٹیکس پر ٹیکس لگا رہے ہیں، اس لیے آج آصف زرداری کو نوازشریف سے اچھا کہنے پر مجبور ہوگیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں دنیا بھر میں کم ہوئیں اور دیگر ممالک نے 70 فیصد ریٹ کم کیے مگر نوازشریف 35 فیصد کم کرکے باقی سارا پیسہ کھا گئے اور اب عوام کو بجلی بھی مہنگی دی جارہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.