آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا کے ساتھ مزید مذاکرات پر پابندی لگا دی

تہران / برلن: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے گزشتہ روزامریکا کے ساتھ مزید مذاکرات پر پابندی عائد کردی ہے۔

گزشتہ روز انقلابی گارڈز کے بحری کمانڈروں سے اپنے خطاب میں آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکا کے ساتھ بات چیت سے ایران کو صرف اور صرف نقصان ہی ہو رہا ہے۔ امریکا مذاکرات کے ذریعے ایران میں اپنا اثر و رسوخ قائم کرنا چاہتا ہے مگر ایران میں کچھ بے خبر ایسے بھی ہیں جو یہ سمجھنے سے قاصر ہیں۔ امریکا کے ساتھ مذاکرات سے ایران میں امریکا کے اقتصادی، ثقافتی، سیاسی اور سیکیورٹی اثر و رسوخ میں اضافے کے دروازے کھل جاتے ہیں، جوہری مذاکرات کے دوران بھی انھوں نے ہمارے قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

اپنے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ہم ایک نازک دور سے گزر رہے ہیں کہ جب ایران کے دشمن ہمارے حکومتی عہدیداروں اور عوام کے ذہن میں انقلاب کے حوالے سے نظریات تبدیل کرنے میں مصروف ہیں اور ہمارے قومی مفادات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ایرانی سپریم لیڈر ’’دشمنان ایران‘‘ کے الفاظ امریکا، مغربی ممالک اور اسرائیل کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ خامنہ ای الزام عائد کرتے ہیں کہ یہ ممالک ایران کے ’’اسلامی جمہوری‘‘ تشخص کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.