نجانے بیٹسمینوں کو کیا ہوگیا، مصباح الحق کا اظہار حیرت

لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے چیمپیئنز ٹرافی میں مسلسل دوسری شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ دونوں میچوں میں بیٹسمینوں کی کارکردگی مجموعی طور پر مایوس کن رہی اور سوائے بولنگ کے ٹیم کی مجموعی کارکردگی قابل ذکر نہیں تھی۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اس پچ پر یہ ایک آسان ہدف تھا لیکن میرے خیال میں بیٹنگ ناکام رہی، یہ ایک آسان اور سادہ سی بات تھی کہ ہمیں جیت کے لیے چار ساڑھے چار رن فی اوور سکور کرنا تھے لیکن ہم ایسا نہ کر سکے۔ مجھے نہیں پتہ کہ ٹیم کو اب کیا ہو گیا ہے؟ یہ آسان ہدف ہمیں حاصل کرنا چاہیے تھا۔مصباح الحق نے کہا کہ انہی بیٹسمینوں نے پاکستان اور یہاں انگلینڈ میں وارم اپ میچز میں بہتر کارکردگی دکھائی لیکن گزشتہ دونوں میچز میں انہی کی بیٹنگ ناکام دکھائی دی۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ بیٹسمین کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی انڈر 19 اور اے ٹیموں کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے زیادہ ٹورز کروائے جائیں۔ پاکستانی کپتان کے مطابق کھلاڑیوں کو اب گزشتہ دو میچز کی شکست بھول کر بھارت کے خلاف بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کا آمنا سامنا 15 جون کو ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.