نئی گاڑیوں کی خریداری پرمراعات یافتہ طبقے کیلیے ٹیکس میں چھوٹ کا امکان

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی طرف سے آئندہ مالی سال 2013-14 کے وفاقی بجٹ میں مراعات یافتہ لوگوں اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کو نئی گاڑیوں کی خریداری پر تجویز کردہ پانچ فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس سے چھوٹ دیے جانیکا امکان ہے۔ اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے سینئر افسر نے گزشتہ روز بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے وزارت خزانہ کو تجویز دی ہے کہ ملکی معیشت کو دستاویزی بنانے کیلیے تجویز کردہ اقدامات کے تحت آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں نئی گاڑیوں کی خریداری پر پانچ فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کیا جائے، تاہم یہ ٹیکس قابل ایڈجسٹ ہوگا اور جو لوگ نئی گاڑی خریدنے پر پانچ فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس ادا کرے گا وہ انکے ٹیکس گوشوارے میں اسے ایڈجسٹ کرواسکے گا جس سے نئے لوگ ٹیکس نیٹ میں آئیں گے اور ٹیکس بیس بڑھے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے ساتھ ہی یہ بھی تجویز دی ہے کہ اگلے بجٹ میں نئی گاڑیوں کی خریداری پر تجویز کردہ پانچ فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کا اطلاق وفاقی حکومت و صوبائی حکومتوں سفارتکاروں و سفارتخانوں پر نہ کیا جائے اور نہ ہی ان لوگوں پر کیا جائے جو متعلقہ ٹیکس کمشنر سے نئی گاڑی کی خریداری پر ٹیکس سے چھوٹ کا سرٹیفکیٹ حاصل کرے گا اور یہ سرٹیفکیٹ پیش کرنے پر نئی گاڑی کے خریدار کو اس پانچ فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس سے مُستثنٰی قراردیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی طرف سے بھجوائی جانیوالی تجویز منظور ہونے کی صورت میں اگلے مالی سال کے دوران تین ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہوگا اور نئے لوگ ٹیکس نیٹ میں آئیں گے جس سے ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح میں بھی اضافہ ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.