نئی حکومت پاک افغان کشیدگی ختم کر سکتی ہے ، افغان ماہرین

اسلام آ باد / کابل: پاکستان میں انتخابات کو افغانستان کے حلقوں میں بھی خصوصی اہمیت دی جارہی ہے، نئی حکومت اور نئی پالیسیوں سے پاک افغان تعلقات میں بہتری کی توقع کی جارہی ہے۔ ہفتے کو عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان میں عام انتخابات افغانستان کے موجودہ صورتحال کے حوالے سے اہم ہیں۔ افغان ماہرین کا خیال ہے کہ منتخب نئی جمہوری حکومت کی پالیسیوں کے باعث پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں جاری کشیدگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ ایک افغان رکن پارلیمنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت بدلنے سے افغانستان بابت اسلام آباد کی پالیسیوں پر بہت زیادہ فرق نہیں پڑے گا تاہم اگر پاکستانی سیکیورٹی ادارے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کریں تو تعلقات مثبت جانب گامزن ہو سکتے ہیں۔ دوسری طرف کابل میں پاکستانی امور کے ماہر احمد سعیدی نے کہا ہے کہ نئی حکومت آنے سے پاکستان میں استحکام اور اقتصادی ترقی کا امکان موجود ہے۔ کراچی میں افغان پناہ گزینوں کے نمائندے حاجی عبد اللہ نے بتایا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں انھیں ایک ہی نظر سے دیکھتی ہیں اور افغان پناہ گزینوں کو ان سے نیک خواہشات وابستہ ہیں۔

تبصرے بند ہیں.