میڈرڈ: میڈرڈ اوپن ٹینس میں ایک اور بڑا اپ سیٹ ہو گیا، جاپان کے 14 سیڈ کائی نشکوری نے تیسرے راؤنڈ میں دفاعی چیمپئن راجر فیڈرر کی چھٹی کر دی، ان کی فتح کا اسکور6-4,1-6 اور 6-2 رہا۔ اس سے قبل عالمی نمبر ون نووک جوکووک کو بلغاریہ کے ان سیڈڈ پلیئر گریگو دیمترو نے مات دے دی تھی۔31سالہ فیڈرر مارچ میں انڈین ویلز ماسٹرز میں رافیل نڈال سے ہار پر کچھ عرصے کھیل سے دور رہنے کے بعد اپنا پہلا ٹورنامنٹ کھیل رہے تھے۔2011 میں باسل کے مقام پر سیمی فائنلز میں سربیا کے جوکووک کو ہرانے کے بعد سے23 سالہ نشکوری کی یہ سب سے بڑی جیت ہے۔6 سیڈ ٹوماس برڈیچ کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئے، انھوں نے کیون اینڈرسن کو7-6(7/5),7-5 سے زیر کیا۔ ویمنز سنگلز مقابلوں میں سرینا ولیمز اور ماریا شراپووا لاسٹ 8 میں پہنچ گئیں، عالمی نمبر ایک سرینا نے روس کی 13 سیڈ ماریاکریلینکو کو باآسانی6-3,6-1 سے قابو کیا، ایک گھنٹے چار منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں سرینا کو ایک بھی بریک پوائنٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اس سیزن میںکلے پر اب تک ہونے والے 8میچز میں وہ ناقابل شکست رہی ہیں۔ گذشتہ سیزن اسی قسم کے مثبت نتائج کے بعد انھیں فرنچ اوپن کے پہلے راؤنڈ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب تک ایک بھی سیٹ نہ ہارنے والی عالمی نمبر دو ماریا شراپووا نے کوارٹرفائنلز تک سفر جاری رکھنے کیلیے سبائن لیسکی کو6-2, 7-5 سے مات دی۔ اسپین کی انابیل میڈنا گوریجس کو قازقستان کی یاروسلوا کیخلاف واک اوور مل گیا،اسٹونیا کی کائیاکنپی نے سلواکیہ کی ڈینیلاہنچوواکو 6-3, 6-4 سے ہرا دیا۔
تبصرے بند ہیں.