میٹرک امتحانات؛ گوجرانوالہ میں سبزی فروش کی پہلی،ڈی جی خان میں رکشہ چلانے والے کی دوسری پوزیشن

گوجرانوالہ میں سبزی فروش طالب علم نے میٹرک آرٹس گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ میٹرک جنرل گروپ میں ڈیرہ غازی خان کے رکشہ چلانے والے طالب علم نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ گوجرانوالہ میں سبزی فروش طالب علم عامر اعجاز دن کو اسکول میں پڑھتا اور شام کوباپ کے ساتھ سبزی بیچتا ہے، اس ذہین نوجوان نےخوب محنت کی جس کا ثمراسے میٹرک کے امتحانات میں پہلی پوزیشن کی صورت میں ملا جبکہ عامر کی کامیابی کی خوشی میں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اورمٹھائی تقسیم کی گئی ، عامر اعجاز کا کہنا تھا کہ میں صبح اسکول جاتا تھا اور واپسی پر سبزی فروخت کر تا اور یہیں اسکول کاکام بھی کرتا تھا۔ دوسری جانب تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازی خان میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے ایاز احمد رکشہ چلا کر اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالتا ہے ،جام پور کے رہائشی ایاز احمد نےجنرل گروپ میں882 نمبرلے کر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ایاز کے والد فالج کی وجہ سے معذورہیں۔ ایازاحمد کا کہنا تھا کہ میں صبح اسکول پڑھتا رہا جبکہ شام کو رکشہ چلا کر اہل خانہ کا پیٹ پالتا ہوں ، بہن بھائیوں میں سب سے بڑا ہونے کی وجہ سے ان کی کفالت کی ذمہ داری بھی مجھ پر ہے ، ایازنے بتایا کہ وہ تعلیم جاری رکھنے کے ساتھ والد کا علاج بھی کرانا چاہتا ہے ، بورڈ کی تقریب میں موجود صوبائی وزیرچوہدری عبدالوحید ارائیں نے یقین دلایا کہ ان کےوالد کےعلاج کے لئے حکومتی سطح پر کوشش کی جائے گی ۔

تبصرے بند ہیں.