میلسی میں ہلاکتیں: ملزم کی گرفتاری کیلیے کوششیں تیز

وہاڑی / میلسی: پولیس نے زہریلے کھانے سے ہلاکتوں کے مقدمے میں مبینہ مرکزی ملزم ارسل کھچی کی دبئی سے گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ اس کے والد سابق ناظم افضل کھچی کو مقدمے میں باضابطہ ملزم قراردے دیا ہے۔ ڈی پی اووہاڑی صادق علی ڈوگر نے ’’رائل‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خانسامہ محمد رفیق کے بیان کے بعد پولیس نے ارسل کھچی کی گرفتاری کے لیے بروقت چھاپے مارے لیکن وہ اس سے قبل ہی دبئی فرار ہوچکا تھا۔ جلد ریڈ وارنٹ جاری کرائینگے اوراسے انٹرپول کے ذریعے دبئی سے گرفتارکرکے لایا جائے گا۔دوسری طرف سابق ناظم افضل کھچی کے داماد نے ایڈیشنل سیشن جج میلسی خضرحیات سیال کی عدالت میں درخواست دائرکرتے ہوئے موقف اختیارکیاکہ اس کے سسرکو پولیس تھانہ سٹی میلسی نے غیر قانونی طور پرحراست میں لے رکھا ہے لہٰذا اسے جلد برآمد کرایا جائے۔ عدالتی حکم پربیلف نے تھانے پر چھاپہ مارا تو پولیس افضل کھچی کی خانسامہ رفیق کے بیان پر زہریلے کھانے کے مقدمے میں باضابطہ گرفتاری ڈال چکی تھی تاہم ملزم تھانے میں موجود نہیں تھا۔ رپورٹ پرعدالت نے آج ایس ایچ او تھانہ سٹی کو طلب کرلیا ہے جبکہ افضل کھچی کوآج علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے بند ہیں.