مواقع ضائع کرنے کے سبب ناکامی ہوئی، قومی ہاکی کوچ

جوہربارو: چیف کوچ اختر رسول نے کہا ہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں مواقع ضائع کرنے کی وجہ سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ کیمپ میں کھلاڑیوں پر بہت زیادہ محنت کی گئی، ہر میچ کے حوالے سے خصوصی پلان بھی دیا گیا لیکن میدان میں کارکردگی نہ دکھا سکے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ہاکی لیگ میں ساتویں پوزیشن حاصل کرنے والی قومی ٹیم کے کوچ اختر رسول کا کہنا ہے کہ ملنے والے مواقع ضائع کرنے کی وجہ سے ناکامی ہوئی، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا ایونٹ کیلیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا، اسکواڈ مضبوط اور متوازن تھا، کیمپ میں پلیئرز پر بہت زیادہ محنت کی گئی،انھیں ہر میچ کے حوالے سے خصوصی پلان بھی دیا گیا لیکن میدان میں کارکردگی تو کھلاڑیوں کو دکھانا ہوتی ہے مگر وہ ایسا نہ کرسکے۔انھوں نے کہا کہ ہر میچ میں گرین شرٹس نے گول کرنے کے 5 سے 6 چانسز گنوائے، اس صورتحال میں کوئی بھی ٹیم کامیابی حاصل نہیں کرسکتی، کسی بھی ایونٹ میں بڑی ٹیموں کے خلاف 1یا 2 مواقع ہی ملتے ہیں ان سے فائدہ اٹھائے بغیر فتح کا خواب نہیں دیکھا جاسکتا۔ اختر رسول نے کہا کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں وکٹری اسٹینڈ پر نہ آنے کا دکھ ہے، ورلڈ کپ کیلیے براہ راست کوالیفائی کرنے کا موقع ضائع ہوگیا۔ مجھے امید ہے کہ کھلاڑی اپنی غلطیوں سے سیکھیں گے اور ایشیا کپ جیت کر میگا ایونٹ میں شرکت کا اعزاز حاصل کر لیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اگست میں ہونے والے مقابلوں کیلیے وطن واپسی پر ہی کام شروع کریں گے، ٹیم میں فی الحال کسی قسم کی تبدیلی کا امکان نہیں تاہم ایشیا کپ میں صرف سپر فٹ کھلاڑیوں کو موقع دیں گے۔

تبصرے بند ہیں.