منفرد انداز کے حامل کیوی امپائر بلی باؤڈن کا انٹرنیشنل کیریئر ختم ہو گیا

ویلنگٹن:  منفرد انداز کے حامل کیوی امپائر بلی باؤڈن کا انٹرنیشنل کیریئر ختم ہو گیا، نئے سیزن کیلیے نیوزی لینڈ نے انھیں انٹرنیشنل امپائرز پینل سے باہر کر دیا ہے،  یوں شائقین اب ٹیڑھی انگلی سے انھیں آؤٹ کا اشارہ دیتے مزید نہیں دیکھ پائیں گے، ان کے ساتھ ڈیرک واکر اور فل جونز کی بھی تنزلی ہو گئی۔

سابق فرسٹ کلاس کرکٹرز شان ہاگ اور کرس براؤن انٹرنیشنل پینل میں شامل ہوگئے، وائن نائٹس کی بھی ترقی ہوئی۔ باؤڈن نے 84ٹیسٹ، 200ون ڈے اور24 ٹوئنٹی 20میچز میں فرائض نبھائے، آخری بار وہ رواں برس فروری میں ویلنگٹن کے مقام پر کیویز اور آسٹریلیا کا میچ سپروائز کرتے دکھائی دیے تھے، ان کا امپائرنگ میں ون ڈے ڈیبیو 1995اور ٹیسٹ ڈیبیو2000میں ہوا تھا۔

بلی باؤڈن فیلڈ میں دلچسپ حرکات کی وجہ سے انھیں شائقین میں بیحد مقبولیت حاصل ہوئی، باؤڈن کو 2013میں آئی سی سی ایلیٹ پینل سے خارج کر دیا گیا مگر اگلے سال ہم وطن ٹونی ہل کی ریٹائرمنٹ کے سبب واپسی ہو گئی تھی، 2015میں ایک بار انھیں باہر کر دیا گیا، اس کے بعد سے وہ نیوزی لینڈ کے انٹرنیشنل پینل میں شامل اور ملک میں انٹرنیشنل میچز میں فرائض انجام دے سکتے تھے، اب بطور نیشنل پینل ممبر وہ صرف ڈومیسٹک میچز اور ویمن انٹرنیشنل مقابلوں میں امپائرنگ کے اہل ہوں گے۔

تبصرے بند ہیں.