ممنون بھی رفیق تارڑ کی طرح فرماں بردار صدر ثابت ہونگے

اسلام آ باد: ن لیگ کے صدارتی امیدوار ممنون حسین مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے تاجر اور غیر سرگرم سیاسی شخصیت رہے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق ممنون حسین 1940 میں آگرہ میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان کے قیام کے بعد انکا خاندان ہجرت کرکے کراچی آ گیا۔ انھوں نے آئی بی اے سے گریجوایشن کی۔ بندر روڈ پر وہ کپڑے کی تجارت کرتے رہے ہیں، یہیں ان کا گھر بھی تھا مگر بعد میں ڈیفنس منتقل ہوگئے۔ 1993 میں جب غلام اسحاق نے نواز شریف حکومت برطرف کی تو ان دنوں وہ شریف برادران کے قریب پہنچے، 1997 میں وزیراعلیٰ لیاقت جتوئی کے مشیر رہے، 1999 میں گورنر مقرر کیا گیا مگر صرف چھ ماہ بعد ہی حکومت کا تخہ الٹ گیا۔نواز شریف کے دورِ اسیری اور جلاوطنی کے بعد غیر متحرک رہے۔ نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد دوبارہ منظرِ عام پر آئے، انھیں جلسے، جلوسوں میں انتہائی کم گو دیکھا گیا، انکی تقریر سیاست کے بجائے نواز شریف کی شخصیت کے گرد گھومتی تھی۔ ممنون حسین کا کہنا ہے کہ وہ1970 سے مسلم لیگ سے منسلک رہے ہیں۔تجزیہ نگاروں کے مطابق ن لیگ اردو بولنے والوں اور تاجروں کو پیغام دینا چاہتی ہے کہ اس نے انکے نمائندے کا انتخاب کیا۔

تبصرے بند ہیں.