ملک بھر میں مون سون بارشوں سے موسم خوشگوار، لاہور ، گوجرانوالہ میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

لاہور/ گوجرانوالہ/ راولپنڈی ()ملک میں جاری حالیہ مون سون بارشوں نے موسم خوشگوار کر دیا ، تھر پارکر ،کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی باران رحمت برسا ، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، کشمیر، ہزارہ، گوجرانوالہ اور لاہور میں مزید بارش کی نوید سنائی ہے۔

مون سون نے اپنا رنگ دکھانا شروع کر دیا ، ملک بھر میں جاری حالیہ بارشوں کے سلسلے سے جہاں گرمی اور حبس کا زور ٹوٹا ، وہیں شہریوں کے چہروں پر رونق بھی لوٹ آئی ۔ آسمان سے گرتے پانی کے قطروں نےموسم خوشگوار کر دیا ۔
جڑواں شہروں اسلام آباد ، راولپنڈی میں آج مطلع صاف ہے ، داتا کی نگر ی لاہور میں آج گہرے بادلوں کا راج ہے ۔ بادلوں کے تیور بتا رہے ہیں کہ کسی بھی وقت کھل کر برس سکتے ہیں تاہم شہر کے بعض مقامات پر رم جھم کا سلسلہ جاری ہے ۔
شہر قائد کراچی میں بھی آج مطلع ابر آلود ہے ۔ سندھ کے علاقے تھر ، چھاچھرو میں بھی بارش برسی تو تین سالہ خشک سالی سے متاثرہ تھر واسیوں نے بھی سکھ کا سانس لیا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں مون سون کا سلسلہ جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران اسلام آباد ، راولپنڈی ،کشمیر، ہزارہ، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژن میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے ۔
صوبہ سندھ اور بلوچستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

تبصرے بند ہیں.