ملک بھر میں بجلی وگیس چوروں کیخلاف کارروائی جاری، مقدمات درج

لاہور / جڑانوالہ: ملک بھر میں بجلی وگیس چوروں کیخلاف کارروائی کے دوران متعدد افراد کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔ جڑانوالہ میں لوہے کے کارخانے سے لاکھوں کی گیس چوری پکڑی گئی، لاہور میں ایڈیشنل سیشن جج نے 17ملزمان کی ضمانتیں منظور کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق اے سی جڑانوالہ اور سوئی گیس ٹیم نے 109گ ب روڈا میں کارخانے پر چھاپہ مار کر لاکھوں روپے کی گیس چوری پکڑ لی اور مالک مقبول رحمانی کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا، کارخانے میں سالانہ 20لاکھ کی گیس چوری ہو رہی تھی۔ایف آئی اے لاہور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی نگرانی میںا سپیشل ٹیموں نے تین مقامات پر چھاپے مارے، اس دوران ایک ملزم عثمان گورائیہ کو گرفتار کر لیا گیا جو ٹرانسفارمر کے ذریعے بجلی چوری کر رہا تھا۔ علاوہ ازیں معلوم ہوا ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے ایف آئی اے اور لیسکو حکام کے درمیان اختلافات بڑھ رہے ہیں۔ لیسکو عملے کا موقف ہے کہ ایف آئی اے حکام ٹیکنیکل امور کو نظرانداز کر کے بجلی چوری کے ہر معاملے میں متعلقہ لائن سپرنٹنڈنٹ، میٹر ریڈر اور دیگر عملے کو شامل کر رہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.