ملک انتخابی عمل کیساتھ ساتھ مختلف علاقےدھماکےفائرنگ سےگونج اٹھے
کراچی : ملک بھر ميں انتخابي عمل کے ساتھ ہی مختلف علاقے دھماکوں اور فائرنگ سے گونج اٹھے جس ميں سیاسی جماعت کے کارکن اور بچے سميت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ پوليس اہل کار سميت بيس سے زائد زخمی ہیں۔ پانچ افراد کو اغوا کرلیا گیا۔ سياسی جماعتوں کے درميان تصادم کی وجہ سے کئی علاقوں ميں پولنگ کا عمل روکنا پڑا۔ بنوں کے حلقہ پی کے چوہتر میں پوسٹر لگانے پر گولياں چل گئيں جس سے ایک شخص جان سے گيا۔ ہنگو کے علاقے علی آباد کے پولنگ اسٹيشن کے قريب نصب چھ کلوگرام وزنی بم ناکارہ بنا ديا گيا۔ صوابی ميں گورنمنٹ بوائز اسکول کے قریب دھماکا ہوا۔ شبقدر کے علاقے قدوزئی ميں اے اين پی کے دفتر کے قريب دھماکا کيا گيا۔ چارسدہ کے حلقہ پی کے انیس کے پولنگ اسٹيشن پر سياسی جماعتوں کے کارکن لڑ پڑے۔ تصادم کے سبب پولنگ روکنا پڑی۔ فيصل آباد کے نواحی علاقہ چک جھمرا میں گاؤں کے پولنگ اسٹيشن پر دو سياسی گروہوں ميں جھڑپ ہوئي جس سے پولنگ کا عمل متاثر ہوا۔ بھوال کے حلقہ این اے چونسٹھ میں بھی دو سیاسی جماعتوں کا ٹاکرا ہوا جس ميں پولیس اہل کار زخمی ہوگیا۔ ہنگامہ آرائی پر تین افراد کو گرفتار کرليا گيا۔ ڈی جی خان کے حلقہ اين اے ایک سو تہتر میں غوث آباد پولنگ اسٹيشن پر دو گروپوں ميں تصادم کی وجہ سے پولنگ کا عمل روکنا پڑا۔ تھر پارکر کے حلقہ پی ایس ترپن پر دو سیاسی جماعتوں کے تصادم نے ایک کارکن کی جان لے لی۔ نواب شاہ کے حلقہ پی ايس چوبيس تاج کالونی کے پولنگ اسٹيشن پر دو سياسی جماعتوں کے تصادم ميں سیاسی جماعت کا کارکن اور بچہ جاں بحق ہوگیا، جب کہ چار افراد زخمی ہیں۔ مٹھيانی کے پولنگ اسٹيشن پر تصادم کے بعد سياسی جماعت کا کارکن اغواء کرليا گيا۔ شکار پور کے گھڑی ياسين پولنگ اسٹيشن پر بھي جھگڑا ہوا اور چار افراد کو يرغمال بناليا گيا۔ کندھ کوٹ کے حلقہ اين اے دو سو دس کے پولنگ اسٹيشن ميں سياسی گروپوں ميں فائرنگ سے آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ اُدھر نصير آباد کے علاقے ست موری کے قريب ريموٹ کنٹرول بم دھماکے ميں تين افراد زخمي ہوگئے۔ پوليس کے مطابق زخميوں کو سول اسپتال ڈيرھ مراد جمالی منتقل کرديا گيا۔ چھتر کے علاقے ميں بارودی سرنگ ناکارہ بنادی گئی۔ نوشکی ميں پانچ راکٹ فائر کئے گئے جس سے علاقے ميں خوف و ہراس پھيل گيا۔
تبصرے بند ہیں.