ملکی تاریخ میں پہلی بار آئی ایم ایف کا پروگرام کامیاب بنایا، گورنر اسٹیٹ بینک

کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال کے دوران اسٹیٹ بینک کی کامیابیوں سے معیشت پر دور رس مثبت اثرات مرتب ہوں گے، گزشتہ تین سال کے دوران قانونی ترامیم سمیت کئی اہم معاشی اصلاحات مکمل کی گئیں جن سے معیشت میں نمو بڑھے گی اور عام لوگوں تک اس کے فوائد پہنچیں گے۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز یوم آزادی کے موقع پر اسٹیٹ بینک کے صدر دفتر میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب میں کہی۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی حالیہ کامیابیوں میں مانیٹری پالیسی کی خودمختار کمیٹی کی تشکیل، کمیٹی کے اجلاسوں کی کارروائی کی اشاعت، بل کارپوریشن پروٹیکشن ڈپازٹ کی پارلیمنٹ سے منظوری،انسٹیٹیوشنز فنانشل ترمیمی بل اورلین دین محفوظ بنانے کے بل 2016 کے ذریعے ایس ایم ای شعبے کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹ دور ہونے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود مختار مانیٹری پالیسی کمیٹی بنانے والا سارک کا پہلا ملک ہے۔ گورنر نے کہا کہ بجلی کی پیداوار میں بہتری آنے کے ساتھ ہی منڈیوں کے تنوع اور مصنوعات کے تنوع کے ذریعے برآمدات بڑھانے کیلیے کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔

تبصرے بند ہیں.