ملائیشیا میں امریکی پادری کے قتل کے الزام میں گرفتار پاکستانی پر فرد جرم عائد

کوالا لمپور: ملائشیا کی عدالت نے امریکی پادری کے قتل کے الزام میں گرفتار پاکستانی سیکیورٹی گارڈ پر فرد جرم عائد کردی ہے۔ ملائیشیا کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی پادری ڈیوڈ جیمز گنٹر جن کی عمر 62 سال تھی مئی میں دارالحکومت کوالالمپور میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے، ان کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے اور ان کی گردن پر موبائل فون چارجر کا تار لپٹا ہوا تھا۔ ملائیشیا کی مقامی عدالت نے پاکستانی شہری 25 سالہ شہباز کو ان کے قتل میں ملوث قرار دے دیا ہے اور جرم ثابت ہونے پر اسے لازمی طور پرسزائے موت دے دی جائے گی، مقدمے میں نامزد مزید 4 ملزمان فرار ہیں جن کی گرفتاری کے لئے پولیس مختلف علاقوں میں چھاپے ماررہی ہے۔ دوسری جانب شہباز نے اپنے اوپر لگائے گئے الزام کے کے خلاف ابھی تک اپیل دائر نہیں کی، مقدمے کی آئندہ سماعت 18 جولائی کو ہو گی۔ امریکی پادری ڈیوڈ جیمز گنٹر کوالا لمپور کے برج انٹرنیشنل چرچ میں 3 سال سے کام کر رہے تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ڈاکہ مارنے کے دوران انہیں قتل کیا کیوں کہ ان کی گاڑی بھی گھر سے غائب تھی

تبصرے بند ہیں.