مقبوضہ کشمیر: بم دھماکوں میں 4 بھارتی اہلکار زخمی، الیکشن کیخلاف مہم چلانے کا اعلان

سری نگر: مقبوضہ کشمیرمیں بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی نے نام نہاد انتخابی ڈھونگ کے خلاف گھر گھر جاکر بائیکاٹ مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقصد کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علی گیلانی نے تحریک حریت کا چوتھی مرتبہ صدر منتخب ہونے کے بعد 2014 کے انتخابات سے قبل کشمیر بھر میں انتخابات کے بائیکاٹ کی گھر گھر مہم چلانے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ جموںوکشمیر قدرتی طورپر پاکستان کا حصہ ہے اور بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے۔ کشمیر ایک متنازع مسئلہ ہے جس کا حل ضروری ہے۔ انھوں نے انتخابات کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سم قاتل کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات کے حوالے سے گھر گھر بائیکاٹ مہم چلائی جائے گی۔دریں اثنا بھارتی پولیس نے غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری رہنما مسرت عالم بٹ کوعدالتی حکم پر رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتار کر کے بارہ مولہ سب جیل منتقل کردیا ہے۔ پولیس نے ’’یو این او ما رچ ‘‘ کو نا کام بنا تے ہوئے فردوس احمد شاہ کو 12 کے قریب کارکنوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں قاضی گنڈ کے علاقے چوگام میں ایک امام مسجد پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ چیئرمین حریت کانفرنس ع میر واعظ عمر فاروق کو کشمیری زبان و ادب کے لیے خدمات کے اعتراف میں سب سے بڑے ایوارڈ خلعت حنفی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مقبوضہ وادی میں الگ الگ دھماکوں میں بھارتی فوج اورپولیس کے 4 اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ سوپور میں امرگڑھ پولیس اسٹیشن پر دستی بم کے دھماکے میں 2 اسپیشل پولیس آفیسر زخمی ہو گئے۔ ضلع کپواڑہ میں بارودی سرنگ پرپیر پڑنے سے 2 بھارتی فوجی اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

تبصرے بند ہیں.