مقبوضہ کشمیر، مجاہدین اور بھارتی فوج میں جھڑپ، ایک اہلکار ہلاک، متعدد زخمی
سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان تازہ جھڑپ میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ قابض فوج کی طرف سے8 مجاہدین شہید اور دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تازہ جھڑپ اس وقت ہوئی جب بھارتی فوج نے دراندازی کا بہانہ بنا کر کیرن سیکٹر کے ایک قصبہ پر اچانک دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ اہلکار تلاشی کے بہانے لوگوں کے گھروں میں گھس گئے، اس دوران مجاہدین اور فوجیوں کے درمیان دوطرفہ فائرنگ کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا جس میں ایک بھارتی فوجی مارا گیا اور متعدد زخمی ہوگئے۔ادھر کپواڑہ، پونچھ اور اوڑی سیکٹر میں بھی رات بھر فوج اور مجاہدین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا اور پورا علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔ ادھر بھارتی وزارت داخلہ نے مجاہدین کے تابڑ توڑ حملوں اور کارروائیوں کے بعد فیلڈ کمانڈروں کو وسیع پیمانے پر آپریشن کرنے کے احکام جاری کردیے ہیں۔ اس سلسلہ میں فوج کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.