مصر میں نیا قانون نافذ، دہشتگرد حملے کی غلط رپورٹنگ پر بھاری جرمانہ ہوگا –

مصر نے دہشت گردی کے خلاف نئے قانون کی منظوری دے دی ہے جسے میڈیا پر قدغن لگانے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف نئے قانون کی منظوری صدر عبدالفتح السیسی نے دی۔

قاہرہ: (ویب ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نئے قانون کے تحت کسی بھی دہشت گرد حملے کی غلط رپورٹنگ کرنے والوں پر بھاری جرمانے کے علاوہ انہیں ملازمت سے برطرف بھی کیا جا سکے گا۔ نئے قانون کے تحت، غلط رپورٹنگ پر کم از کم دو لاکھ پاﺅنڈ اور زیادہ سے زیادہ پانچ لاکھ پاﺅنڈ تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ ناقدین نے اس نئے قانون کو میڈیا پر قدغن لگانے کے مترادف قرار دیا ہے۔ انسانی حقوق کے علمبرداروں کا کہنا ہے کہ اس قانون کے ذریعے السیسی اپنے خلاف اٹھنے والی آواز کو کچلنے کا کام کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس میں دہشت گرد گروہ کے قیام یا اس کی قیادت کا مجرم پائے جانے پر سزائے موت تجویز کی گئی ہے۔ نئے قانون کے تحت مشتبہ جنگجوؤں کے مقدمات کی سماعت خصوصی عدالت میں کی جائے گی۔ اگر کسی کو جنگجو گروپ میں شامل ہونے کا مجرم پایا گیا تو اسے دس سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ دہشت گردی کو مالی تعاون فراہم کرنے پر عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے جو کہ 25 سال ہے۔ تشدد بھڑکانے اور دہشت گردی کے پیغامات پھیلانے والی ویب سائٹ بنانے کے لئے پانچ سے سات سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

 

تبصرے بند ہیں.