مصرکی عبوری حکومت ملک میں جلد ازجلد عام انتخابات کرائے،امریکی وزیرخارجہ

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے مصر کی عبوری حکومت اور فوج پر زور دیا ہے کہ وہ تما م سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر ملک میں عام انتخابات کرائیں تاکہ مصر کی صورت حال مزید خراب نہ ہو۔ واشنگنٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ فوج کی جانب سے برطرف مصری صدر محمد مرسی کے حامیوں پرفائرنگ اور شیلنگ کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں اور امریکا مصر میں امن اورجمہوریت دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصر کی عبوری حکومت اور فوج کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو مزید انتشار سے بچائے اور مسئلے کا پرامن سیاسی حل نکالے۔ امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلے کا سیاسی حل ہی واحد راستہ ہے لیکن بڑی تعداد میں انسانی جانوں کے ضیاع کے بعد حالات انتہائی خراب ہو چکے ہیں، امریکا نے مصری فوج پر واضح کر دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے باز رہے اور الیکشن کے ذریعے ایک آئینی اسمبلی تشکیل دی جائے اور ملک میں لگائی جانے والی ایمر جنسی کو فی الفور ختم کیا جائے۔ مصری وزارت صحت کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق ملک میں جاری ہنگاموں میں اب تک 525 افراد ہلاک ہو ئے ہیں جبکہ اخوان المسلمون کی جانب سے 2000 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مصری افواج کی جانب سے منتخب صدر محمد مرسی کی برطرفی اور ان کی نظربندی کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک سیکڑوں افراد ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں

تبصرے بند ہیں.