مسلسل نظر انداز کیے جانے پر جنید خان نے انگلینڈ منتقل ہونے پر غور شروع کردیا

کراچی: مسلسل نظر انداز کیے جانے پر جنید خان کا دل ٹوٹ گیا، فاسٹ بولر نے ہمیشہ کے لیے انگلینڈ منتقل ہونے پر غور شروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جنید خان موجودہ فاسٹ بولرز کی کھیپ میں سب سے تجربہ کار ہیں تاہم انھیں نئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورئہ انگلینڈ کیلیے یکسر نظر انداز کردیا ہے، ان کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ گذشتہ برس گھٹنے کی انجری لاحق ہونے کے بعد سے جنید کے ردھم میں مسئلہ ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ حفیظ اور یاسر شاہ کو انضمام مکمل طور پر ان فٹ ہونے کے باوجود بھی منتخب کرچکے ہیں۔

جنید نے انجری سے واپسی کے بعد پاکستان سپر لیگ اور قومی ون ڈے میں بھی پرفارمنس دی مگر ایک بار پھر ٹھکرائے جانے کے بعد ان کا دل ٹوٹ چکا، اب وہ پاکستان کو خیرباد کہہ کر ہمیشہ کیلیے انگلینڈ منتقل ہونے پر غور کررہے ہیں جہاں پر ایک دن انھیں انگلش ٹیم کیلیے بھی کھیلنے کا موقع میسر آسکتا ہے۔ ان کے ایک فیملی ممبر نے ’’ایکسپریس ٹریبیون‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جنید سلیکٹرز کی جانب سے مسلسل نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے کافی مایوس اور مستقل طور پر انگلینڈ منتقل ہونے پر غور کررہے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ ان سے غیرمنصفانہ سلوک ہورہا ہے، لہذا بہتر ہو گیاکہ انگلینڈ چلے جائیں جہاں ٹیلنٹ کا احترام کیا جاتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.