محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی امید روشن ہو گئی :شہریار خان –

پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوگئی ، زمبابوے ، سکاٹ لینڈ اور ہالینڈ کی ٹیمیں دورہ پاکستان کیلئے تیار ہیں :چیئرمین پی سی بی

لاہور ( ) چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کے حالات بہتر ہو رہے ہیں ، زمبابوے ، سکاٹ لینڈ اور ہالینڈ کی ٹیموں نے دورہ پاکستان پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے، لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا جیسی ٹیم کو شکست دینا آسان نہیں تھا ، اس ٹیم کیخلاف میں نے کھلاڑیوں میں جو سپرٹ دیکھی ماضی میں اس سے قبل نظر نہیں آئی ، انہوں نے کہا کہ سپاٹ فکسنگ کے شکار محمد عامر کی سزا میں کمی اور ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے ہم نے بھرپور تیاری کر لی ہے اور امید ہے کہ ان کی کرکٹ میں واپسی جلد ممکن ہو سکے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں شہریار خان نے کہا کہ آئی سی سی کے قوانین میں تبدیلی آچکی ہے اور اس میں محمد عامر کے حوالے سے رعایت کا قانون نکل آیا ہے، ہمارے ماہرین وہ تمام دستاویزات تیار کر رہے ہیں اور امید ہے کہ محمد عامر کو جلد انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا ، ہم نے ابھی محمد عامر کے کیس پر کام شروع کیا ہے اور محمد آصف اور سلمان بٹ کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہورہی ، اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کے لئے آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کامیابی پر نقد انعامات کا اعلان بھی کیا ، انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 5 لاکھ نقد ، کوچ اور مینجمنٹ کو ساڑھے تین لاکھ ، یاسر شاہ کو چھ لاکھ ، احمد شہزاد اور سرفراز احمد کو ساڑھے سات لاکھ ، اظہر علی اور ذوالفقار بابر کو دس لاکھ ، جبکہ مصباح اور یونس کو 15 لاکھ فی کس ملیں گے ، شہریار خان نے کہا کہ نجم سیٹھی کے آئی سی سی صدر بننے سے ملک کو فائدہ ہوگا اور اب آئی سی سی میں ہمارے دو نمائندے شامل ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا انڈر 19 اور انڈر 13 کی ٹیمیں پاکستان بھیجنے کو تیار ہیں ، ہم امید کرتے ہیں کہ ملک میں بہت جلد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو گی –

تبصرے بند ہیں.