محمد حفیظ کا کپتانی چھوڑنے کا اعلان، معین

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شکست کی ذمہ داری تسلیم کرتے ہوئے ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کوچ معین خان کا بھی کنٹریکٹ ختم، کہتے ہیں کرکٹ بورڈ کی مرضی ہے کہ اب وہ مجھے رکھے یا نہ رکھے۔

لاہور: ( ویب ڈیسک) لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کے ساتھ ملاقات کے بعد پاکستانی ٹیم کے کوچ معین خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کی خود پیشکش کی ہے۔ ورلڈ کپ میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے آخری میچ میں کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی، ہم نے بہت بُری کرکٹ کھیلی جس کی وجہ سے ہم ویسٹ انڈیز کے خلاف اہم میچ ہار گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے اس فیصلے میں کسی کا پریشر نہیں تھا، میں نے یہ فیصلہ خود کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میرے مستقبل کے بارے میں جو فیصلہ کرے گا وہ میں قبول کروں گا۔ جبکہ معین خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ میرا کنٹریکٹ ختم ہو گیا ہے۔ اب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی جو فیصلہ کرینگے وہ قبول ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کسی بھی دوسری ٹیم سے بہتر تھی تاہم آخری میچ میں بُری کارکردگی کی وجہ سے پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میچ سے قبل تک میڈیا ان ہی کھلاڑیوں کی کارکردگی کی تعریفیں کر رہا تھا لیکن بعد میں یہی میڈیا ان کے خلاف باتیں کرنا شروع ہو گیا۔ میڈیا جن کھلاڑیوں کو ہیرو کہہ رہا تھا انھیں ہی زیرو کہنا شروع کر دیا۔ بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمی نجم سیٹھی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کپتان محمد حفیظ نے ذمہ داری قبول کرکے بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ محمد حفیظ نے خود استعفیٰ دیا، میں نے انھیں مستعفی ہونے کا نہیں کہا تھا۔ میں محمد حفیظ کا مشکور ہوں، انہوں نے راستے کھول دیئے ہیں۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ کھلے دل اور صبر کے ساتھ معاملات کا جائزہ لیا جائے۔ یہ اچھا موقع ہے جنھیں سلیکٹ کیا وہ اپنی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ اگلے 4 ماہ میں کرکٹ کے حوالے سے اچھے فیصلے ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ غلطیاں سلیکشن اور کچھ بیٹنگ کی تھیں۔ اچھا ہوا سب کچھ سامنے آ گیا۔ –

تبصرے بند ہیں.