لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو، کئی شہروں میں 20 گھنٹے سے بھی تجاوز

حکومتی دعوؤں اور وزارت خزانہ کی جانب سے چالیس ارب روپے کے اجراء کے باوجود لوڈ شیڈنگ نے رمضان المبارک میں بھی شہریوں کا پیچھا نہ چھوڑا۔ سحرو افطار کے اوقات میں بجلی کی بندش نے روزہ داروں کی چیخیں نکلوا دیں۔ ملک کے کئی شہروں میں دورانیہ بیس گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا۔

لاہور: () ماہ صیام کی آمد سے قبل سحرو افطار کے اوقات میں بجلی بند نہ کرنے کے حکومتی بیانات ریکارڈ پر ہیں جبکہ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کے دعوؤں کی گونج بھی برقرار ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے آئی پی پیز اور پی ایس او کو ادائیگیوں کیلئے چالیس ارب روپے بھی جاری ہو چکے ہیں لیکن لوڈ شیڈنگ کا جن پھر بھی بے قابو ہے۔ معمول کے اوقات تو ایک طرف سحرو افطار کے دوران بجلی کی بندش نے روزہ داروں کو چکرا کر رکھ دیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں شہری اندھیرے میں روزہ رکھنے اور افطاری کرنے پر مجبور ہو گئے۔ مساجد میں وضو کیلئے پانی بھی نایاب رہا۔ سحرو افطار کے علاوہ بھی بجلی کی گھنٹوں طویل بندش کا سلسلہ جاری رہا۔ گوجرانوالہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری رہی اور شہری گرمی کا عذاب جھیلتے رہے۔ اوکاڑہ، پھولنگر، ساہیوال، چیچہ وطنی، بورے والا اور وہاڑی میں چودہ سے سولہ گھنٹے سے زائد بجلی بند کی جا رہی ہے۔ جھنگ، سرگودھا، خانیوال، پنڈی بھٹیاں، قصور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بجلی بحران نے لوگوں کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ بہاولپور، فیروز والا، پسرور، مظفر گڑھ، راجن پور، خوشاب اور منڈی بہاء الدین میں بھی یکم رمضان المبارک کو سحرو افطار سمیت اٹھارہ سے بیس گھنٹے بجلی بند رکھی گئی۔ لیہ، چنیوٹ، سرائے عالمگیر، کالا باغ اور چنیوٹ میں بھی شہری واپڈا حکام کو بددعائیں دیتے رہے۔ ٹھٹھہ، لاڑکانہ اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ سے لوگ بلبلا اٹھے۔ دوسری جانب کراچی کو پانی فراہم کرنے والے دھابیجی، پیپری اور گھارو پر بجلی کے بریک ڈائون سے شہر کو پانی کی فراہم معطل ہو گئی ہے۔ ترجمان کراچی واٹر بورڈ کے مطابق ان تینوں پمپنگ سٹیشنوں پر بجلی کا بریک ڈائون شام 6 بجے سے جاری ہے جس کے باعث شہر میں پانی کے بد ترین بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق بجلی کے اچانک بریک ڈائون کی وجہ سے دھابیجی میں 72 انچ قطر کی دو لائنیں پھٹ گئیں جس پر واٹر بورڈ نے ہنگامی طور پر مرمت کا کام شروع کر دیا ہے۔ بجلی کی بندش کے باعث شہر کو اب تک 100 ملین گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہو چکی ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.