لاہور: نومنتخب اراکین اسمبلی کا اجلاس 25 مئی کو طلب

لاہور: تحریک انصاف نے نومنتخب اراکین اسمبلی کا اجلاس پچیس مئی کو لاہور میں طلب کیا ہے، پی ٹی آئی کے رہنماء شفقت محمود کا کہنا ہے کہ عمران خان رو بصحت ہیں، قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں شرکت سمیت کہیں آنے جانے کا فیصلہ ڈاکٹرز کی مشاورت سے کیا جائے گا۔لاہور میں پی ٹی آئی کے ترجمان کے مطابق تحریک انصاف کے نومنتخب اراکین اسمبلی کا اجلاس پچیس مئی کو لاہور میں عمران خان کی رہائشگاہ پر طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قومی اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ عمران خان کی عیادت کے لئے ان کی رہائش گاہ پر سیاسی اور پارٹی رہنماوٴں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماء شفقت محمود نے عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ عمران خان رو بصحت ہیں، واک اور ورزش کر رہے ہیں تاہم ڈاکٹرز نے دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں شرکت سمیت کہیں آنے جانے کا فیصلہ ڈاکٹرز کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ شفقت محمود نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ عمران خان نے صدر زرداری کے ساتھ ملاقات سے انکار کر دیا تھا، دونوں رہنماوٴں میں ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن کی جانب سے انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے دوبارہ گنتی پر فیس عائد کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف پچیس حلقوں میں دوبارہ گنتی تک پرامن احتجاج جاری رکھے گی تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکشن کمشن کل ان کے مطالبات تسلیم کر لے گا۔ اس سے پہلے تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے صدر زرداری اور نواز شریف کی ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آنے والی حکومت نے عوام کے مسائل حل نہ کئے تو تحریک انصاف اپنا کردار ادا کرے گی۔ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی عیادت کرنے والوں میں عائلہ ملک، میاں اظہر، محمودالرشید بھی شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.