لاہور میں تباہ کن بارش ، چھتیں گرنے سے 6 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

لاہور میں گزشتہ شام چار بجےسے تیز بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے نشیبی علاقے ڈوب گئے ہیں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں ، جب کہ متعدد مقامات پر مکانات کی چھتیں گرنے سے کئی افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔

لاہور () لاہور میں شام 4 بجےسےشروع ہونے والی تیز بارش مسلسل جاری رہی اور آج صبح سات بجے کے قریب اس میں تھوڑا سا وقفہ ہوا ہے ، تا ہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ابھی بارش کا یہ سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ رات بھر کی موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے متعدد گاڑیاں خراب ہونے سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو مشکلات درپیش ہیں۔ کئی علاقوں کی بجلی بند ہو گئی اور شہر میں مجموعی طور پر 130 ملی میٹرسے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور کے علاقے لکشمی چوک ، جی پی اوآفس ، شاہ عالمی ، مصری شاہ ، وسن پورہ ، تاج باغ ، تاج پورہ ، فتح گڑھ ، باغبانپورہ ، مغلپورہ ، گڑھی شاہو میں بھی پانی جمع ہوگیا۔ اس کے علاوہ متعدد علاقوں میں مکانوں کی چھتیں گرنے سے چھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ چاہ میراں میں دو منزلہ مکان کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مزنگ میں مکان کی چھت گرنے سے چار افراد ملبے تلے دب گئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں دو خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔ جوہر ٹاون ایل ڈی اے پلازہ کے قریب مکان کی چھت گرنے سے چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ –

تبصرے بند ہیں.