قومی کرکٹ ٹیم کا مفاد اولین ترجیح ہے: نجم سیٹھی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم ایشیاء کپ اور ٹی 20 میں ضرور فتح حاصل کرے گی۔ ٹیم کے جیتنے سے ملک کے وقار اور عزت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اگر بگ تھری کو ہمارا ووٹ چاہیے تو پھر اسے ہماری بات بھی سننا ہوگی۔ تمام امور پر پی سی بی کے سابق اور سینئر عہدیداروں کے ساتھ مشاورت جاری ہے.

لاہور: (آن لائن) پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کا مفاد اولین ترجیح ہے۔ پاکستانی ٹیم ایشیاء کپ اور ٹی 20 میں فتح حاصل کریگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور سابق چیئرمین اعجاز بٹ نے ایک ساتھ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر نجم سیٹھی نے کہا کہ ٹیم کے جیتنے سے ملک کے وقار اور عزت میں اضافہ ہوتا ہے، ٹیم کا مورال بلند ہوتا ہے۔ اس حوالے سے تمام اقدامات کئے جائینگے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ اگر بگ تھری کو ہمارا ووٹ چاہیے تو پھر انہیں بھی پی سی بی کی بات سننا ہوگی۔ بگ تھری کے معاملے پر اعجاز بٹ سے بھی تجاویز لی ہیں اور اعجاز بٹ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سطح پر قومی کرکٹ ٹیم کا مفاد اولین ترجیح ہے اور ان تمام امور پر پی سی بی کے سابق اور سینئر عہدیداروں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ اس موقع پر پی سی بی کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ نے کہا کہ وہ نجم سیٹھی کے ساتھ اپنا تعاون اور ہر قسم کی معاونت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو بھی چاہیے کہ وہ بھی اس حوالے سے مثبت کردار ادا کریں۔

تبصرے بند ہیں.