قومی زرمبادلہ کے ذخائر35.5 کروڑ بلند، ریکارڈ 21.77 ارب ڈالر ہو گئے

کراچی:  پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 35 کروڑ 54 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 17جون کو ہفتے کے اختتام پر زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 21ارب 77 کروڑ 5 لاکھ ڈالر کی بلندترین سطح تک پہنچ گئی، ایک ہفتے کے دوران کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 8کروڑ 61لاکھ ڈالر جبکہ مرکزی بینک کے ذخائر میں 27کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اس ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر 27کروڑ ڈالر اضافے سے 16ارب 54 کروڑ 60لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 16ارب 81کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے۔

زیرتبصرہ ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ملٹی اور بائی لٹرل سمیت دیگر آفیشل ذرائع سے 37کروڑ ڈالر موصول ہوئے جن میں ورلڈ بینک سے حاصل ہونے والے 10 کروڑ 70لاکھ ڈالر شامل ہیں، اس ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیرونی قرضوں پر سود اور دیگر آفیشل واجبات کی مد میں 6 کروڑ 40لاکھ ڈالر کی ادائیگیاں کیں، ایک ہفتے کے دوران کمرشل بینکوں کے ذخائر 8کروڑ 61لاکھ ڈالر کے اضافے سے 4ارب 95 کروڑ 50لاکھ ڈالر کی سطح تک پہنچ گئے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.