فوج ملک کو پٹری پرلاتی ہے سویلین حکومت اتاردیتی ہے، پرویزمشرف

دبئی: 

پاک فوج کے سابق سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں فوج ملک کو پٹری پر لاتی ہے اور سویلین آ کر پھر اسے پٹری سے اتار دیتے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے پاک فوج کے سابق سربراہ اورسابق صدرپرویزمشرف نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی مارشل لاء لگائے گئے یہ اس وقت کے حالات کا تقاضا تھا، پاکستان میں فوج ملک کو پٹری پرلاتی ہے اورسویلین آ کرپھراسے پٹری سے اتاردیتے ہیں، ایشیا کے تمام ممالک کو  دیکھا جائے تو وہاں بھی صرف ڈکٹیٹروں کی وجہ سے ترقی ہوئی ہے جب کہ پاکستان کو بھی ڈکٹیٹروں نے ٹھیک کیا لیکن جب وہ گئے تو سویلینز نے بیڑہ غرق کر دیا، فوجی ڈکٹیٹرشپ میں ملک نے ہمیشہ ترقی کی۔

مشرف نے اپنے خلاف درج آرٹیکل 6  کے مقدمے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ملک ہاتھ سے نکل رہا ہو تو میں آئین اور آرٹیکل چھ کا سوچوں  گا یا پھر ملک بچاؤں گا، اگر یہ غلط ہے تو لٹکا دو مجھے۔ مشرف کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک میں عوام کوجمہوریت ، ڈکٹیٹرشپ ، کمیونزم ، سوشلزم یا بادشاہت سے زیادہ فرق نہیں پڑتا ، انہیں صرف ترقی اور خوشحالی، روزگاراور سکیورٹی چاہیے ہوتی ہے جب کہ الیکشن کراکر عوام کو اگر خوشحالی نہ دی جائے تو اس الیکشن کا کیا فائدہ ہے۔

تبصرے بند ہیں.