فلپائن میں آنے والے تباہ کن طوفان سے 100 سے زائد افراد ہلاک

فلپائن میں سمندری طوفان ’’ہیان‘‘ نے ہرطرف تباہی مچادی ہے اور حکام نے اب تک 100 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ حکام کے مطابق سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں جگہ جگہ عمارتیں زمین بوس، مٹی کے تودے اور لاشیں پڑی ہوئی ہیں جبکہ بجلی اور مواصلاتی نظام بھی بالکل تباہ ہوگیا ہے جس کے باعث امدادی ٹیموں کو بھی ان علاقوں میں پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث ملک کے 20 صوبوں میں لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس سے ایک کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز فلپائن کے صوبے سمر اور لیٹی کے ساحلوں سے 379 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹکرانے والے اس طوفان کے باعث سمندر میں 15 میٹر اونچی لہریں اٹھیں جنہوں نے قریبی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پھر رہی سہی کسر 400 ملی میٹر تک ہونے والی بارش نے نکال دی۔ واضح رہے کہ سمندری طوفان ’’ہیان‘‘ اس سال فلپائن میں آنے والا 25واں طوفان ہے، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ یہ طوفان 2012 میں آنے والے طوفان ’’بھوپا‘‘ سے بھی زیادہ خطرناک ہوسکتا ہے جس میں ایک ہزار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

تبصرے بند ہیں.