فرنچ اوپن، جوکووک سے اعصاب کی جنگ نڈال نے جیت لی

پیرس: فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں ورلڈ نمبرون نووک جوکووک سے اعصاب کی جنگ دفاعی چیمپئن رافیل نڈال نے جیت لی۔ اسپینش اسٹار نے 5سیٹ کے میراتھن مقابلے میں کئی اتارچڑھاؤ کے بعد آخرکار فتح اپنے نام کرلی۔تفصیلات کے مطابق7 مرتبہ کے چیمپئن رافیل نڈال نے اعصاب شکن سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ اور ورلڈ نمبرون نووک جوکووک کو 6-4،3-6،6-1 ،6-7(3/7) اور 9-7 سے ہرایا، نڈال کومحض ایک فتح دنیا میں کسی بھی گرینڈ سلم کو 8 مرتبہ جیتنے والا پہلا کھلاڑی بنادے گی، جوکووک کے پاس فرنچ اوپن ٹرافی جیتنے کی صورت میں سیزن کے چاروں گرینڈ سلم پانے والا آٹھواں پلیئر بننے کا موقع تھا لیکن نڈال کے ہاتھوں شکست سے ان کا یہ خواب پورا نہیں ہوپایا، اس کے برعکس نڈال اب ایک ہی گرینڈ سلم کو 8 مرتبہ جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بننے سے ایک فتح کی دوری پر پہنچ گئے۔نڈال رواں برس 7 ماہ انجری کے بعد کھیل میں واپس آنے کے بعد سے اب تک 41 میچز جیت چکے ہیں،انھیں محض دو مقابلوں میں ناکامی کا سامنا رہا، اس کے برخلاف جوکووک 33 فتوحات کے ساتھ سیزن کی پانچویں ناکامی سے دوچار ہوئے، نڈال نے فرنچ اوپن میں 59 میں سے 58 ویں میچ فتح پائی۔دوسری جانب ویمنز ڈبلز سیمی فائنلز میں روسی جوڑی ایکٹرینا ماکارووا اور الینا ویسنینا نے جمہوریہ چیک کی پلیئرز آندریا ہیلکووا اور لوسیا ہارڈیکا کیخلاف 6-4 اور 7-5 سے کامیابی حاصل کرلی، فائنل تک رسائی کے دوسرے معرکے میںاطالوی خواتین پلیئرز سارا ایرانی اور روبریٹا ونسی نے روس کی نادیا پیٹرووا اور سلووینیا کی کیٹرینا سربوٹنک پر غلبہ پایا، ان کی جیت کا اسکور6-3،5-7 اور 6-3 رہا۔

تبصرے بند ہیں.