عماد وسیم نے بلے بازوں کے گناہ دھو دئیے، 11 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں

لاہور: ) راولپنڈی کے سپوت نے زمبابوے کی سرزمین پر بھی اپنی کارکردگی کا لوہا منوا لیا۔ لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سہارا دینے کے لئے عماد وسیم کو ساتویں نمبر پر میدان میں اتارا گیا۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے اکیس منٹ کریز پر گزارے۔ بارہ گیندیں کھیل کر انیس رنز کا اضافہ کیا جن میں ایک چھکا اور ایک چوکا بھی شامل تھا۔

بیٹنگ کے بعد اٹیک بھی عماد وسیم سے ہی کرایا گیا۔ یہاں بھی نوجوان کھلاڑی نے مایوس نہ کیا اور خطرناک اوپنر چھبابھا کو کھاتہ کھولنے کا موقع نہ دیا۔ کم ٹوٹل پر بھی عماد وسیم کی جادوئی باؤلنگ ٹیم کو میچ میں واپس لے آئی۔ زمبابوے کے تمام ٹاپ اسکوررز یعنی مساکذا، شان ولیمز اور پھر سکندر رضا کو عماد کی شاندار گیندوں نے چلتا کیا۔

صرف یہی نہیں، عماد اب ٹی ٹونٹی میں دوسرے نمبر کے بولر بن گئے۔ انہوں نے چار اوورز میں گیارہ رنز کے عوض چار شکار کئے۔ ان سے پہلے سولہ ستمبر دوہزار گیارہ کو محمد حفیظ دو اعشاریہ دو اوورز میں اسی ٹیم کے خلاف اور اسی میدان میں صرف دس رنز دے کر چار مہرے کھسکانے میں کامیاب ہوئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.