عراق کے مختلف شہروں میں کاربم دھماکے اور خودکش حملے، 50 افراد ہلاک، سیکڑوں زخمی

بغداد: عراق کے دارالحکومت اور دیگر شہروں میں کار بم دھماکوں اور 2 خودکش حملوں کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عراق کے مختلف علاقوں میں ایک درجن سے زائد کاربم دھماکوں اور خودکش حملوں کے نتیجے میں 180 سے زائد افراد متاثر ہوئے، دھماکوں کا سلسلہ شمال مغربی علاقے جسر الدیالا سے شروع ہوا جہاں بم دھماکوں کے باعث 7 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے، دوسری جانب بغداد کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں کے نتیجے میں 40سے زائد افراد افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ دیگر شہروں میں بھی خود کش حملے اوربم دھماکوں میں مختلف افراد مارے گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اورزخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے،دہشت گردی کے حالیہ واقعات کو حکام کی جانب سے فرقہ وارانہ فسادات کی کڑی قرار دیاجارہا ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال عراق کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کے واقعات میں 4 ہزار افراد ہلاک اور 10 ہزار سے زائد زخمی ہوئے جس میں سب سے زیادہ ہلاکتیں جولائی کے مہینے میں ہوئیں۔

تبصرے بند ہیں.