عبدالرشیدکیس،مشرف کی حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست پروفاق کونوٹس

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت چھبیس نومبر تک ملتوی کردی۔ سابق صدر پرویز مشرف کی مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔ ایڈیشنل سیشن واجد علی نے عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت کی۔ ہارون الرشید کے وکیل طارق اسد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کا ٹرائل سیشن کورٹ سے ہائی کورٹ منتقل کرنے کی درخواست کی سماعت پانچ نومبر کو عدالت عالیہ کرے گی لٰہذا مقدمے کا ریکارڈ ہائی کورٹ بھجوایا جائے۔ ایڈیشنل سیشن جج کا کہنا تھا کہ مقدمے کا ریکارڈ از خود ہائی کورٹ کو نہیں بھجوا سکتے، عدالت نے ٹرائل کیلئے ریکارڈ طلب کیا تو بھجوا دیا جائے گا۔ سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے الیاس صدیقی ایڈووکیٹ نے سابق صدر کی مستقل حاضری سے اسثنیٰ کی درخواست دائر کی، جس پر عدالت نے وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت چھبیس نومبر تک ملتوی کر دی۔

تبصرے بند ہیں.