عامر اطلس فٹ، قومی ٹیم کے لیے دستیابی ظاہر کردی

کراچی: ایشین چیمپئن عامر اطلس نے خود کو مکمل فٹ قرار دیتے ہوئے عالمی ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کیلیے دستیابی ظاہر کر دی۔ ان کے مطابق قومی ٹیم میں شامل کرنے کا اختیار پی ایس ایف کے پاس ہے،فیڈریشن کے سیکریٹری ونگ کمانڈر وہاب مروت نے اس حوالے سے کہاکہ میڈیکل رپورٹ نہ ملنے کے باعث قومی نمبر ون کھلاڑی کو ٹیم کا حصہ نہیں بنا سکتے، چیمپئن شپ 9 جون سے فرانس کے شہر مول ہائوس میں شروع ہو رہی ہے،2007میں 12برس کی عمر میں پروفیشنل کھلاڑی بننے والے سابق عالمی نمبر14عامر اطلس نے پشاور سے بتایا کہ میں مکمل فٹ اور ان دنوں معمول کے مطابق جسمانی ورزش اور ٹریننگ میں مصروف ہوں،سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان کے بھتیجے نے کہا کہ اگر مجھے قومی ٹیم میں شامل کرلیا گیا تو15جون تک جاری رہنے والی عالمی چیمپئن شپ میں ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی کوشش کروں گا۔ 2010کے ایشین گیمز میں سلور میڈل حاصل کرنے پر حکومت کی جانب سے اعلان کردہ انعامی رقم نہ ملنے پر شاکی23سالہ کھلاڑی نے کہا کہ میں خود کو ٹرائلز سے مستثنیٰ قرار دینے کے اصولی موقف پر قائم ہوں،دوسری جانب پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری اور قومی ٹیم کے منیجر ونگ کمانڈر وہاب مروت نے کہا کہ عامر اطلس نے یکم جون کو ڈاکٹر سے رجوع کرکے میڈیکل رپورٹ حاصل نہیں کی، چنانچہ انھیں کس بنیاد پر قومی ٹیم میں شامل کیا جائے؟ ادھر قومی اسکواش کوچ جمشید گل کا کہنا ہے کہ عامر کی صلاحیتوں اور اہلیت سے انکار نہیں ، عالمی چیمپئن شپ میں ان کی نمائندگی پاکستان کے لیے خوش آئند ثابت ہو سکتی ہے،واضح رہے کہ منتظمین کو فیڈریشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی فہرست کے مطابق قومی ٹیم عامر اطلس، ان کے چھوٹے بھائی دانش اطلس،ناصر اقبال اور فرحان زمان پر مشتمل ہے، فیڈریشن نے اب دونوں بھائیوں کی جگہ فرحان محبوب اور شیخ ثاقب کو قومی ٹیم میں شامل کر لیا، دریں اثناذرائع کا کہنا ہے کہ8جون تک منتظمین کو حتمی نام فراہم کیے جا سکتے اور اب بھی تبدیلی خارج از امکان نہیں۔

تبصرے بند ہیں.